اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سے فوری اور عملی اقدامات کا مطالبہ، بین الاقوامی قوانین کی پامالی اور خطے کے امن پر خطرہ..اسرائیل کی کارروائی کو خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی منظم سازش قرار دیا…غزہ میں مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے بزدلانہ اقدام ناقابلِ قبول اور مذمت کے قابل
گلگت (نامہ نگار) ثوبیہ جے مقدم سابق صوبائی وزیر و سینئر رہنما پیپلز پارٹی گلگت-بلتستان نے ایران پر ہونے والے حملے کو کھلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی صریح پامالی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملہ دراصل پورے خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی منظم سازش ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام نہ صرف اشتعال انگیزی ہے بلکہ عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ بھی ہے۔ثوبیہ مقدم صاحبہ نے واضح کیا کہ غزہ میں جاری مظالم سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے اسرائیل نے ایک بار پھر بزدلانہ طرزِ عمل اختیار کیا ہے جو ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت ہے۔ طاقت کے نشے میں کی جانے والی ایسی کارروائیاں عالمی برادری کی خاموشی کو بھی کٹہرے میں کھڑا کرتی ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم فوری، مؤثر اور عملی اقدامات کریں تاکہ اسرائیلی جارحیت کو روکا جا سکے اور خطے کو مزید تباہی کی طرف دھکیلنے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر اس کھلی جارحیت پر فوری نوٹس نہ لیا گیا تو اس کے سنگین نتائج پوری دنیا کو بھگتنا پڑیں گے۔






