40

سیاحتی دباؤ اور قدرتی آفات کے پیشِ نظر ریسکیو 1122 کی افادیت میں اضافہ، وسعت اور اصلاحات ناگزیر ہیں، نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت:نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے ریسکیو 1122 کی جانب سے دیئے جانے والے محکمانہ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور قدرتی آفات کی وجہ سے درپیش چیلنجز کے تناظر میں ریسکیو 1122 کی اہمیت اور افادیت میں اضافہ ہوتا جارہاہے۔ مستقبل میں ریسکیو 1122کو ہائی ویز اور سب ڈویژن سطح پر وسعت دینے کی ضرورت ہوگی جس کیلئے محکمہ کنسپٹ پیپر تیار کرے۔ اس اہم محکمے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت مشکلات کو حل کرنے اور وسائل کی فراہمی کیلئے جامہ حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریسکیو 1122میں خالی آسامیوں پر مروجہ طریقہ کار کے تحت بھرتیوں کے عمل میں تیزی لائی جائے تاکہ ادارے کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے سکولوں اور کالجوں کے سطح پر فرسٹ ایڈ ٹریننگ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مزید تربیتی پروگرامز منعقد کئے جائیں۔ ریسکیو 1122 کو درکار ضروری آلات اور ریسکیو گاڑیوں کی خریداری سمیت پروجیکٹ سٹاف کو تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ حل کیا جائے گا تاکہ ادارے کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔ مزید برآں اداروں کی استعداد کار میں اضافے اور درپیش مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ آخر میں نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم، کفایت شعاری اور گڈ گورننس بہتر مستقبل کیلئے لازمی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں