15

پی آئی ڈی گلگت کے زیر اہتمام سیمینار، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل پر زور

سیمینار میں صحافیوں اور ریڈیو پاکستان گلگت، پی ٹی وی اور پی آئی ڈی کے عملے نے شرکت کی
مقررین نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور حقِ خودارادیت کی حمایت پر زور دیا

گلگت(پ ر) پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت کے زیر اہتمام ایک سیمینار کا انعقادکیا گیا، سیمینار میں صحافیوں، ریڈیو پاکستان گلگت، پی ٹی وی اور پی آئی ڈی کے عملے نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک دیرینہ عالمی تنازعہ ہے جسے عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے پاکستان کو اپنی سفارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانا ہوگی تاکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا جا سکے۔مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل قدیم ترین حل طلب مسائل میں سے ایک ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی درندہ صفت افواج کشمیری عوام پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہیں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، علاقے کی ڈیموگرافی تبدیل کی جا رہی ہے اور کشمیری مسلمانوں کی تعلیم و ترقی کے راستے دانستہ طور پر روکے جا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینا اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی مقتدر فورمز کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک کے نمائندہ پلیٹ فارم اسلامی تعاون تنظیم پر بھی زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کر یں۔ سیمینار کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں