10

چیف الیکشن کمشنر جی بی اور چیئرمین نادرا کی ملاقات، انتخابی فہرستوں پر بات چیت

نئے سینسز بلاکس اور آئندہ بلدیاتی و جنرل انتخابات، الیکٹورل رولز کی اپڈیٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا
چیئرمین نادرا نے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کو ڈیٹا اور تکنیکی معاونت سمیت مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی

گلگت(پ ر)چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغہ شجاعت) اور چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیرافسر کے مابین ایک اہم ملاقات ہوئی،جس میں حالیہ ڈیلیمیٹیشن کے بعد نئے سینسز بلاکس، آئندہ بلدیاتی اور جنرل انتخابات کے تناظر میں الیکٹورل رولز کی اپڈیٹ کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین نادرا کی جانب سے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی، جس میں ڈیٹا کی فراہمی، ڈیٹا ٹریولنگ اور تکنیکی معاونت سمیت لیب کے قیام سے متعلق تعاون بھی شامل ہے۔ چیئرمین نادرا نے اس تعاون کو آئندہ بھی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے نادرا کی جانب سے مکمل تعاون پر چیئرمین نادرا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نادرا کا کردار شفاف، منصفانہ اور بروقت انتخابات کے انعقاد میں نہایت اہم ہے، الیکشن کمیشن گلگت بلتستان اور نادرا کے درمیان یہ اشتراک انتخابی عمل کی شفافیت، درستگی اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ملاقات کے دوران پروونشل الیکشن کمشنر گلگت بلتستان عابد رضا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔یاد رہے کہ نادرا کی جانب سے فراہم کردہ جدید سافٹ ویئر مکمل طور پر کامیابی سے ڈیپلائی کیا جا چکا ہے، جو الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے ساتھ مربوط کر دیا گیا ہے۔ اس پیشرفت کے بعد انتخابی فہرستوں میں کسی بھی قسم کی ترمیم یا اپڈیٹ نادرا کے ڈیٹا سے خودکار طور پر ہم آہنگ (Reflect) ہو گی۔ اس نظام کے تحت جو بھی نیا قومی شناختی کارڈ جاری کیا جائے گا، وہ براہ راست انتخابی فہرست میں بھی نظر آئے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں