کور کمیٹی سول سوسائٹی حلقہ 2 جوٹیال گلگت کے اجلاس میں حافظ حفیظ الرحمن کے اس بیان کی شدید مذمت کی گئی جس میں ہنزہ، نگر اور غذر کے عوام کو اینٹی اسٹیٹ قرار دیا گیا۔ شرکاء نے اسے غیر ذمہ دارانہ اور محبِ وطن عوام کی توہین قرار دیا
گلگت (نمایندہ خصوصی) کور کمیٹی سول سوسائٹی حلقہ 2 جوٹیال گلگت کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں حالیہ سیاسی بیان پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں شرکاء نے حافظ حفیظ الرحمن، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان، کی جانب سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اضلاع ہنزہ، نگر اور غذر کے عوام کو “اینٹی اسٹیٹ” قرار دینے کے بیان کی سخت مذمت کی۔اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ بیان نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ ایک محبِ وطن قوم کی توہین کے مترادف ہے۔ شرکاء نے کہا کہ ہنزہ، نگر اور غذر کے عوام نے ہمیشہ دفاعِ وطن میں صفِ اول کا کردار ادا کیا ہے۔ جنگِ آزادی گلگت بلتستان 1948 ہو، 1965 اور 1971 کی جنگیں ہوں یا معرکہ کارگل، ان علاقوں کے جوانوں نے لازوال قربانیاں دیں۔ غذر کو “شہداء کی سرزمین” کہا جاتا ہے اور ان اضلاع میں سینکڑوں شہداء کی یادگاریں قومی پرچم کی سربلندی کی گواہی دیتی ہیں۔ جبکہ ہنزہ کے بے شمار غیور سپوتوں نےدفاع وطن میں جام شہادت نوش کیا، اب بھی اعلیٰ افسران عسکری اداروں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسی طرح نگر دفاع وطن میں کسی سے پیچھے نہیں رہے ہیں ۔شرکاء کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف اندرونِ ملک کارروائیوں میں بھی انہی علاقوں کے سپوتوں نے نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ ایسے میں انہیں “اینٹی اسٹیٹ” قرار دینا حقائق کے منافی اور قربانیوں کی نفی کے مترادف ہے۔ اجلاس میں سوال اٹھایا گیا کہ ملک دشمن عناصر، جو سرکاری املاک اور تعلیمی اداروں کو نقصان پہنچاتے اور سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دیتے ہیں، ان کے خلاف واضح مؤقف کیوں اختیار نہیں کیا جاتا۔اجلاس میں مزید واضح کیاگیا کہ ریاست دشمن وہ عناصر ہوتے ہیں جو ہتھیاروں کے زورپر ریاستی رٹ کو چیلنج کریں، ریاست کی سلامتی کومسلح کارروائیوں کے زریعے خطرے میں ڈالیں اور دہشت گردی کو فروغ دیں ،پرامن شہریوں کو جو اپنے آئینی اور بنیادی حقوق کیلئے آواز بلند کرتے ہیں ،اس زمرے میں شامل کرنا کسی طور مناسب نہیں ۔عوام اپنے آئینی اور بنیادی حقوق کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو اسے ریاست دشمنی قرار دینا مناسب نہیں۔ شرکاء کے مطابق جمہوری معاشرے میں مطالبات پیش کرنا ہر شہری کا حق ہے، جبکہ حقیقی ریاست دشمنی وہ ہے جو ہتھیار اٹھا کر ریاستی اداروں کو چیلنج کرنے کی صورت میں سامنے آتی ہے۔سول سوسائٹی حلقہ 2 جوٹیال نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ سیاسی قیادت اپنے بیان پر نظرِ ثانی کرے اور عوامی جذبات کا احترام کرے، بصورتِ دیگر اس بیان کے خلاف آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، قومی یکجہتی اور شہداء کی قربانیوں کے اعتراف کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔






