گلگت: گلگت پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس نے ایک مشترکہ قراداد میں محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کی جانب سے صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈز کے باقاعدہ اجراء پر گہری مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی اقدام قرار دیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ریاست کی جانب سے صحافت کو صحیح معنوں میں ریاست کا چوتھا ستون تسلیم کیا گیا ہے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی کام کا آغاز ہوا ہے۔ صحافتی تنظیموں نے اس کامیابی کا سہرا چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کے سر باندھا، جن کے خصوصی وژن اور ہدایت کے مطابق محکمہ اطلاعات نے صحافیوں کے مسائل کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا۔پریس ریلیز میں سیکریٹری اطلاعات ثناء اللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر فاروق احمد کی کارکردگی کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق ان افسران نے شب و روز محنت کر کے دو سال سے تعطل کا شکار کارڈز کے اجراء کے عمل کو نہ صرف بحال کیا بلکہ اسے منطقی انجام تک پہنچا کر صحافیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا۔تنظیموں نے مزید کہا کہ محکمہ اطلاعات نے ریاست اور صحافت کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر کے دونوں اداروں کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کر دی ہے۔ اس اقدام سے فیلڈ میں کام کرنے والے صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ شناخت برقرار رکھنے میں بڑی مدد ملے گی۔
54






