محکمہ واٹر اینڈ پاور اور نیٹکو کے درمیان سولر پینلز کی ترسیل کے معاہدہ پر دستخط ہو گئے
گلگت: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے مفت سولر پینلز اسکیم کے باقاعدہ آغاز کے سلسلے میں آج محکمہ واٹر اینڈ پاور اور نیٹکو کے درمیان ایک باضابطہ معاہدہ طے پایا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب محکمہ واٹر اینڈ پاور کے دفتر میں منعقد ہوئی۔تقریب میں سیکرٹری واٹر اینڈ پاور صفدر خان، نیٹکو کے منیجنگ ڈائریکٹر عثمان احمد، ایڈیشنل سیکرٹری زید، ڈائریکٹر پی ایم آر یو طلحہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔سیکرٹری واٹر اینڈ پاور صفدر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی طرف سے تقریباً 60 میگاواٹ صلاحیت پر مشتمل سولر پینلز اسکیم گلگت بلتستان کے عوام کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت گھریلو صارفین کو 3 کلوواٹ، جبکہ تجارتی اداروں اور آئی ٹی فرمز کو 5 کلوواٹ سے 25 کلوواٹ تک کی صلاحیت کے سولر سسٹم مفت فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے وضاحت کی کہ درخواست دہندگان کو سولر پینلز مفت دیے جائیں گے، تاہم ٹرانسپورٹ، انورٹر اور بیٹریز کے اخراجات انہیں خود برداشت کرنے ہوں گے۔ عوام کے لیے سہولت کی غرض سے ایک آن لائن پورٹل قائم کیا گیا ہے، جہاں سے لوگ گھر بیٹھے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست فارم اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہیں۔ اس کے علاؤہ جہاں انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں یا جنہیں آن لائن درخواست دینے میں دشواری ہو، وہ متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر یا اسسٹنٹ کمشنر کے دفاتر میں بروز پیر سے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ماحول دوست توانائی کو فروغ دینے کیلئے تقریباً 60 میگاواٹ کے سولر پینلز فراہم کیے جائیں گے۔ مکمل جائزے کے بعد، کل 1,47,873 سولر پینلز اہل درخواست دہندگان میں مفت تقسیم کیے جائیں گے۔سیکرٹری واٹر اینڈ پاور نے واضح کیا کہ اس اسکیم میں صرف وہی صارفین شامل کیے جائیں گے جن کے بجلی کے بل بروقت ادا ہوں اور جن کا بجلی کا کنکشن قانونی ہو۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہر ضلع کے لیے آبادی کے تناسب سے کوٹا مقرر کیا گیا ہے۔ اگر کسی ضلع میں درخواستوں کی تعداد مقررہ تعداد سے زیادہ ہوئی، تو آن لائن قرعہ اندازی کے ذریعے مستفیدین کا انتخاب کیا جائے گا۔






